چشمہ 5 کے سیف گارڈز معاہدے پر پاکستان اور آئی اے ای اے کے دستخط

چشمہ 5 کے سیف گارڈز معاہدے پر پاکستان اور آئی اے ای اے کے دستخط

Sep 16, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) پاکستان اور عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے درمیان چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کے حفاظتی معاہدے پر دستخط ہوگئے۔چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور اور آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے معاہدے پر دستخط کیے، جبکہ تقریب میں چائنا اٹامک انرجی اتھارٹی کے چیئرمین شان ژونگ ڈے بھی شریک ہوئے۔آئی اے ای اے بورڈ آف گورنرز نے مارچ 2026ء میں چشمہ 5 کے سیف گارڈز معاہدے کی متفقہ منظوری دی تھی۔ اعلامیے کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان کے پرامن جوہری پروگرام اور عالمی عدم پھیلاؤ کی ذمہ داریوں سے متعلق بین الاقوامی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چشمہ 5 پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے جبکہ ری ایکٹر بلڈنگ کے گنبد کی تنصیب مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرلی گئی ہے۔1200 میگاواٹ صلاحیت کا چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ 2028ء میں بجلی کی پیداوار شروع کرے گا، جس سے قومی گرڈ کو کم لاگت، کم کاربن اور پائیدار توانائی فراہم کی جاسکے گی۔پاکستان اس وقت مجموعی طور پر 3530 میگاواٹ صلاحیت کے 6 جوہری بجلی گھروں کو کامیابی سے چلا رہا ہے۔دریں اثنا چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اور چیئرمین چائنا اٹامک انرجی اتھارٹی کے درمیان بھی ملاقات ہوئی، جس میں پرامن جوہری تعاون کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔