بلوچستان ہائیکورٹ نے افغان طلبہ سے متعلق آئینی درخواست خارج کردی
کوئٹہ (اباسین خبر) بلوچستان ہائیکورٹ نے پاکستان میں افغان شہریوں کی میڈیکل و ڈینٹل تعلیم اور پوسٹ گریجویٹ تربیت جاری رکھنے سے متعلق آئینی درخواست خارج کردی۔جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس عبدالقیم لہڑی پر مشتمل بنچ نے آئینی درخواست نمبر 1334 آف 2026ء پر فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ غیر ملکی شہریوں کو پاکستان میں قیام، تعلیم یا تربیت جاری رکھنے کا ایسا ناقابل تنسیخ حق حاصل نہیں جو ریاستی پالیسی سے متصادم ہو۔عدالت نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی جانب سے افغان شہریوں کے میڈیکل اداروں میں داخلوں، منتقلی اور سہولت کاری سے متعلق جاری ہدایات میں مداخلت سے بھی انکار کردیا۔فیصلے میں کہا گیا کہ امیگریشن، غیر ملکی شہریوں کی واپسی، قیام اور قومی سلامتی سے متعلق معاملات بنیادی طور پر انتظامیہ کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں، اس لیے ایسے معاملات میں عدالتی مداخلت محدود دائرے تک ہی ہوسکتی ہے۔