اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان نے 7.2 ارب چینی یوآن پر مشتمل پانڈا بانڈ پروگرام قائم کر لیا ہے، جبکہ ابتدائی مرحلے میں 1.75 ارب یوآن کے بانڈ جاری کیے گئے ہیں۔وزیر خزانہ کے مطابق چین نے پانڈا بانڈ کے اجرا میں بھرپور تعاون فراہم کیا، جس سے دونوں ممالک کے مالیاتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ کے پروگرام پر عملدرآمد کے باعث ملکی معیشت پر اعتماد بحال ہوا ہے، مہنگائی میں کمی آئی ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر، برآمدات اور ترسیلات زر میں بھی بہتری دیکھی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بانڈ سے حاصل ہونے والی رقم پانی، توانائی اور صحت کے شعبوں کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان جنوبی ایشیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جس نے پانڈا بانڈ جاری کیا ہے، جو ملکی معیشت کیلئے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔