اسلام آباد( کامرس ڈیسک) پاکستان اور جنوبی کوریا نے مشترکہ تجارتی کمیٹی کے قیام اور باہمی سرمایہ کاری میں اضافے پر اتفاق کیا ہے۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور جنوبی کوریا کے وزیر تجارت ییو ہان-کو کے درمیان ورچوئل ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک نے جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (سیپا) پر مشاورت شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ملاقات میں دونوں فریقین نے اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔جنوبی کوریا کے وزیر تجارت نے پاکستان کی قیادت کو خطے میں امن کے فروغ کی کوششوں پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران تنازع میں پاکستان کا کردار قابلِ تعریف ہے۔ ان کے مطابق کورین کمپنیاں پاکستان کو محفوظ اور پرکشش سرمایہ کاری کی منڈی سمجھتی ہیں، خاص طور پر مینوفیکچرنگ اور توانائی کے شعبوں میں دلچسپی رکھتی ہیں۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر ہمیشہ امن کے فروغ کا خواہاں رہا ہے۔ انہوں نے سیپا مذاکرات کو تیز کرنے اور مقررہ مدت میں مکمل کرنے پر زور دیا۔انہوں نے زراعت، ٹیکسٹائل، معدنیات اور اسپورٹس گڈز کے شعبوں میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کیے اور کہا کہ پاکستان وسطی ایشیا اور افریقہ کے لیے ایک اہم تجارتی گیٹ وے بن سکتا ہے۔سیکرٹری تجارت نے اس موقع پر متوازن ٹیرف پالیسی کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ دونوں ممالک نے باہمی اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق
2 گھنٹے قبل