اسلام آباد( کامرس ڈیسک) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے دوران توانائی سلامتی، ریفائنری اپ گریڈیشن اور مختلف سرمایہ کاری منصوبوں کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں ممالک ان شعبوں میں طویل المدتی تعاون کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں۔اعلامیے کے مطابق تکنیکی سطح پر ہونے والی مشاورت میں مثبت پیش رفت ریکارڈ کی گئی ہے۔وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب، خصوصاً آرامکو کے ساتھ اسٹریٹجک توانائی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے پیٹرولیم سپلائی میں پاکستان کو ترجیح دینے پر شکریہ بھی ادا کیا۔سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب توانائی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے میں پاکستان کی مکمل معاونت جاری رکھے گا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
8 گھنٹے قبل