جنگ بندی کیلئے پاکستان اور قطر کی ثالثی کوششیں جاری ہیں، ایران

جنگ بندی کیلئے پاکستان اور قطر کی ثالثی کوششیں جاری ہیں، ایران

Nov 23, 2026|ویب ڈیسک

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان اور قطر کی ثالثی کوششیں بدستور جاری ہیں، تاہم تہران کے مطابق امریکا مذاکرات کے معاملے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہا۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ پاکستان اور قطر خطے کی صورتحال پر تشویش رکھتے ہیں اور جنگ ختم کرانے کے لیے فریقین کے درمیان رابطوں اور سفارتی کوششوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے امریکا پر الزام عائد کیا کہ وہ دوسرے فریق کے حقوق تسلیم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سفارت کاری اسی وقت مؤثر ثابت ہوسکتی ہے جب مذاکرات کے دوران دونوں جانب کے مؤقف کو منصفانہ انداز میں سنا اور سمجھا جائے۔اسماعیل بقائی نے خصوصی طور پر پاکستان کی ثالثی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قطر دونوں موجودہ صورتحال پر فکرمند ہیں اور تنازع کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ایرانی ترجمان کے مطابق ثالث ہر طرح کی صورتحال میں اپنی کوششیں اور خیرسگالی پر مبنی سفارتی کردار جاری رکھتے ہیں۔ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے اور کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی رابطوں کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔