جنوبی کوریا کا خلیج عدن میں بحری مشن جاری رکھنے کا فیصلہ، جنگ میں شرکت سے انکار

جنوبی کوریا کا خلیج عدن میں بحری مشن جاری رکھنے کا فیصلہ، جنگ میں شرکت سے انکار

Nov 23, 2026|ویب ڈیسک

سیئول (مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی کوریا نے خلیج عدن میں بحری قزاقی کے خلاف تعینات اپنے فوجی دستے کے مشن میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے، تاہم حکومت نے واضح کیا ہے کہ اس اقدام کا امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری جنگ میں بالواسطہ فوجی شرکت سے کوئی تعلق نہیں۔جنوبی کوریا کے وزیر دفاع کانگ شن چُل نے پارلیمنٹ کے ارکان کو بتایا کہ خلیج عدن میں تعینات چیونگہے یونٹ کا مشن امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں سے بالکل الگ ہے، اس لیے اسے اس تنازع میں بالواسطہ مداخلت قرار نہیں دیا جاسکتا۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق وزیر دفاع نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں خلیج عدن کے علاقے میں بحری قزاقی کی سرگرمیوں میں تین گنا سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ فوجی مشن کا بنیادی مقصد سمندری راستوں سے گزرنے والے جنوبی کوریا کے بحری جہازوں اور شہریوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔جنوبی کوریا کی جانب سے فوجی مشن کی مدت میں توسیع کی تجویز ایسے وقت سامنے آئی ہے جب آبنائے ہرمز اور مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث خطے میں بحری سلامتی کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔