شیخ حسینہ کا 16 دسمبر کو ڈھاکا واپسی کا اعلان
ڈھاکا ( مانیٹرنگ ڈیسک) بنگلا دیش کی معزول وزیرِاعظم شیخ حسینہ واجد نے 16 دسمبر کو وطن واپس جانے کا اعلان کرتے ہوئے بنگلادیشی حکومت سے واپسی کے لیے ضروری سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق شیخ حسینہ واجد کے ترجمان سید مزمل علی نے بیان دیا ہے کہ وہ 16 دسمبر کو بنگلا دیش واپس جانا چاہتی ہیں اور ان کی محفوظ اور ممکنہ واپسی کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ترجمان نے مطالبہ کیا کہ بنگلا دیشی حکومت بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے ڈھاکا واپسی کے لیے خصوصی طیارہ اور درکار سفری دستاویزات مہیا کرے۔دوسری جانب بنگلا دیشی حکومت نے اس مطالبے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ بنگلا دیش کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے اپنے ردعمل میں دوٹوک الفاظ میں کہا کہ حکومت ایسی کسی بھی خام خیالی پر مبنی درخواست پر قطعی غور نہیں کرے گی۔ہمایوں کبیر نے مزید کہا کہ شیخ حسینہ واجد سزا یافتہ مجرم اور مفرور قرار دی جا چکی ہیں، اس لیے ان کی وطن واپسی صرف باضابطہ حوالگی کے معاہدے کے تحت ہی ممکن ہو سکتی ہے۔