سات شرائط پوری ہونے تک امریکا سے مذاکرات نہیں: ایران

سات شرائط پوری ہونے تک امریکا سے مذاکرات نہیں: ایران

Nov 24, 2026|ویب ڈیسک

تہران ( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات بحال کرنے سے دوٹوک انکار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تہران کی جانب سے پیش کردہ سات شرائط تسلیم کیے جانے تک واشنگٹن سے کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی۔ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے کسی بھی جارحانہ اقدام کے نتیجے میں خطے میں جاری جنگ کا دائرہ مزید وسیع ہو سکتا ہے۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ خبر رساں ادارے ’فارس نیوز‘ کے مطابق قالیباف نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کے اصولی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور امریکا کی حالیہ دھمکیاں درحقیقت اس کی شدید مایوسی کی عکاسی کرتی ہیں۔انہوں نے متنبہ کیا کہ ایران کسی بھی جارحانہ کارروائی کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، اور اگر واشنگٹن نے کوئی غلط اندازہ لگایا تو یہ تنازع جغرافیائی طور پر مزید پھیل سکتا ہے۔مبصرین کے مطابق قالیباف کا یہ سخت ردعمل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے حالیہ بیانات کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جن میں اسکاٹ بیسنٹ نے کہا تھا کہ امریکا ایران کے مبینہ غیر قانونی مالیاتی نیٹ ورکس کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ اس سے قبل امریکی محکمہ خزانہ نے پیر کے روز ایران سے منسلک دو درجن سے زائد ایکسچینج ہاؤسز، فرنٹ کمپنیوں اور اہم عہدیداروں پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے پیش کردہ سات بنیادی شرائط میں ایرانی بندرگاہوں کی امریکی بحری ناکہ بندی کا خاتمہ، اقتصادی پابندیوں میں نرمی، منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی، تمام محاذوں پر مکمل جنگ بندی اور جنگ کے باضابطہ خاتمے کا اعلان شامل ہیں۔ قالیباف کے تازہ بیان سے واضح ہوتا ہے کہ تہران مذاکرات کے لیے اپنی شرائط پر ڈٹا ہوا ہے اور امریکی اقدامات کو خطے میں کشیدگی بڑھانے کا سبب قرار دے رہا ہے۔