پاک چین دوستی کا نیا سنگ میل، خلائی جہاز کی لانچنگ مشق کامیاب
بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور چین کی لازوال دوستی زمین کی سرحدوں سے نکل کر خلا کی وسعتوں تک پہنچ گئی، چین کے شین ژو 24 خلائی جہاز کی لانچنگ سے قبل مشق کامیابی سے مکمل کرلی گئی، جس میں تینوں خلا بازوں نے تمام عملی مراحل درست انداز میں انجام دیے۔شمال مغربی چین میں واقع جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں شین ژو 24 خلائی جہاز کی کامیاب لانچنگ مشق کی گئی۔ چائنا آسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر کی ایک عہدیدار کے مطابق مشترکہ مشق کے دوران تینوں خلا باز پُرعزم دکھائی دیے اور انہوں نے تمام آپریشنز کامیابی سے مکمل کیے۔تربیت مکمل ہونے کے بعد ایک پاکستانی خلا باز چین کے شین ژو 24 خلائی جہاز کے ذریعے خلا کا سفر کرے گا۔دریں اثنا وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال پہلے پاکستانی خلا باز کی تاریخی خلائی پرواز کی روانگی کی تقریب میں شرکت کے لیے بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔بیجنگ ایئرپورٹ پر خلائی کمپنی کے نائب صدر یانگ یونلی اور پاکستانی سفارت خانے کے حکام نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔ احسن اقبال آج دونوں پاکستانی خلا بازوں سے ملاقات کریں گے۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے پہلے خلا باز کی خلائی پرواز پوری قوم کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے، جو ملک میں سائنسی، تکنیکی اور تحقیقی ترقی کے نئے دور کی علامت بنے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پہلا خلا باز چینی خلائی اسٹیشن کا پہلا غیر ملکی مہمان ہوگا، جو دونوں ممالک کے درمیان فولادی بھائی چارے اور گہری دوستی کی ایک نئی علامت ثابت ہوگا۔