اسلام آباد( اباسین خبر) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ون نے پی ٹی آئی دور حکومت میں محکمہ ہائر ایجوکیشن میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے نیب سے مدد طلب کر لی ہے۔کمیٹی نے ایک ارب روپے سے زائد کی مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور مالی ہیر پھیر کے معاملات کی باقاعدہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے نیب کو ہدایت کی ہے کہ وہ تین ماہ کے اندر اپنی رپورٹ مکمل کر کے کمیٹی کو پیش کرے۔ذرائع کے مطابق زیرِ غور معاملات میں مبینہ طور پر غیر قانونی ٹھیکوں کی الاٹمنٹ بھی شامل ہے، جن کا تفصیلی جائزہ اجلاس کے دوران لیا گیا۔اجلاس میں محکمہ ہائر ایجوکیشن سے متعلق پچاس آڈٹ پیراز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مالی بے ضابطگیوں پر سوالات اٹھائے گئے۔کمیٹی نے اسپیشل ڈیپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد نہ ہونے پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔مزید برآں متعلقہ حکام کو مالی شفافیت یقینی بنانے اور آڈٹ اعتراضات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ہائر ایجوکیشن میں مبینہ ایک ارب روپے کی بے ضابطگیوں پر نیب سے تحقیقات کا مطالبہ
2 گھنٹے قبل