پنجاب بھر میں غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کی واپسی کا عمل جاری، 35 ہزار سے زائد افراد ڈی پورٹ

2 گھنٹے قبل
پنجاب بھر میں غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کی واپسی کا عمل جاری، 35 ہزار سے زائد افراد ڈی پورٹ

لاہور( اباسین خبر) پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل جاری ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر سے 35 ہزار 216 افغان شہریوں سمیت غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے، جبکہ اس وقت 208 افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق واپس بھیجے جانے والوں میں 13 ہزار 766 مرد، 7 ہزار 61 خواتین اور 14 ہزار 389 بچے شامل ہیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ ڈی پورٹ کیے گئے افراد میں 10 ہزار 954 ایسے افراد بھی شامل ہیں جن کے پاس رہائشی دستاویزات موجود تھیں، جبکہ 11 ہزار 131 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز بھی واپس بھیجے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق 13 ہزار 131 ایسے غیر ملکی افراد کو بھی واپس بھیجا گیا ہے جو غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں حکومتی پالیسی اور متعلقہ قوانین کے تحت جاری ہیں، جبکہ سیکیورٹی ادارے اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پر عمل درآمد کی نگرانی کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہولڈنگ پوائنٹس پر تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ واپسی کا عمل منظم اور محفوظ بنایا جا سکے۔