پی ایس ایل 12 کا افتتاحی میچ پشاور میں ہوگا

پی ایس ایل 12 کا افتتاحی میچ پشاور میں ہوگا

Nov 24, 2026|ویب ڈیسک

پشاور( سپورٹس ڈیسک) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بارہویں ایڈیشن کے میچز پشاور میں بھی منعقد کیے جائیں گے اور ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ بھی پشاور ہی میں کھیلا جائے گا۔پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پشاور کے شائقینِ کرکٹ نے اس تاریخی لمحے کا طویل عرصے تک انتظار کیا ہے، اور پی ایس ایل کو پشاور لانے کا بنیادی مقصد اس شہر کی پاکستان کرکٹ کے لیے دی گئی بے مثال خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ سہ فریقی سیریز اور پی ایس ایل کے مقابلوں کے انعقاد کے بعد پشاور میں باقاعدہ انٹرنیشنل میچز بھی کرائے جائیں گے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پشاور کے زندہ دل عوام اس ایونٹ کا اسی روایتی جوش و خروش اور گرم جوشی سے خیرمقدم کریں گے جس کے لیے وہ دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس بھی پشاور میں میچز کے انعقاد کے لیے بھرپور کوشش کی گئی تھی، تاہم بعض وجوہات کی بنا پر یہ ممکن نہیں ہو سکا تھا۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے صوبے کے نوجوانوں کے لیے کھیلوں اور آگے بڑھنے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور قومی ٹیم میں شامل زیادہ تر کھلاڑیوں کا تعلق اسی صوبے سے ہے۔ ان کے بقول قومی اسکواڈ کا ہر تیسرا کھلاڑی خیبرپختونخوا سے ہے، اس لیے صوبے میں کرکٹ کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رہ سکے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پشاور کے تاریخی ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام گزشتہ حکومت کی جانب سے تبدیل کر دیا گیا تھا، تاہم اب ہم اس اسٹیڈیم کا پرانا نام ’ارباب نیاز‘ دوبارہ بحال کریں گے۔