ایران پر حملے کی مخالفت، نیتن یاہو آرمی چیف کو ہٹا سکتے ہیں: اسرائیلی اخبار
یروشلم ( مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی اخبار ہارٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو آئندہ انتخابات میں دوبارہ کامیاب ہوئے تو اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف ایال زمیر کو عہدے سے ہٹانے پر غور کرسکتے ہیں۔اخبار کے مطابق انتخابات سے قبل ایران پر ممکنہ حملے کے معاملے پر نیتن یاہو اور اسرائیلی فوجی قیادت کے درمیان اختلافات سامنے آئے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موساد کے سربراہ ایران کے خلاف حملے کے منصوبے کی حمایت کر رہے ہیں، جبکہ آرمی چیف ایال زمیر انتخابات سے پہلے ایسی کارروائی کے مخالف ہیں۔ہارٹز کے مطابق موساد کے بعض سینئر حکام نے بھی حملے کے وقت اور اسرائیلی انتخابات پر اس کے ممکنہ اثرات کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی کے معاملے پر اختلافات کے باعث نیتن یاہو کو آرمی چیف کی مخالفت کا سامنا ہے۔ اخبار نے امکان ظاہر کیا ہے کہ دوبارہ وزیراعظم منتخب ہونے کی صورت میں نیتن یاہو ایال زمیر کو عہدے سے ہٹانے پر غور کرسکتے ہیں۔تاہم، آرمی چیف کی برطرفی سے متعلق کسی حتمی فیصلے کی تصدیق نہیں ہوئی اور یہ دعوے اسرائیلی اخبار ہارٹز کی رپورٹ سے منسوب ہیں۔