خیرپور کے سہتو ون کنوئیں سے قدرتی گیس کی پیداوار شروع

خیرپور کے سہتو ون کنوئیں سے قدرتی گیس کی پیداوار شروع

Jun 24, 2026|ویب ڈیسک

 اسلام آباد( کامرس ڈیسک)او جی ڈی سی ایل نے سندھ کے ضلع خیرپور میں واقع سہتو ون کنوئیں سے قدرتی گیس کی پیداوار شروع ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔کمپنی کے مطابق کنوئیں سے یومیہ 60 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل کی جا رہی ہے، جسے ملکی توانائی کے شعبے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ گیس کی ترسیل کے لیے 6 انچ قطر اور 5 کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھا کر اسے سنجھورو پلانٹ سے منسلک کر دیا گیا ہے، جہاں پراسیسنگ کے بعد گیس کو سوئی سدرن گیس کمپنی کے نیٹ ورک میں شامل کیا جا رہا ہے۔یہ دریافت کھیواری ایکسپلوریشن لائسنس کے تحت کی گئی ہے، جس میں او جی ڈی سی ایل کا 75 فیصد جبکہ گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ کا 25 فیصد حصہ ہے۔کمپنی کے مطابق اس نئی پیداوار سے ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے اور مقامی سطح پر گیس کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔