حنا الطاف کا پاکستان میں خواتین کے عدم تحفظ پر طنزیہ اظہار
کراچی (شو بز ڈیسک) پاکستانی اداکارہ اور ڈیجیٹل کری ایٹر حنا الطاف نے پاکستان میں خواتین کو درپیش پابندیوں اور عدم تحفظ پر طنزیہ انداز میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں خواتین کے لیے آزادانہ زندگی گزارنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔حنا الطاف، جن کے انسٹاگرام پر 65 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں، حال ہی میں برطانیہ کی سیر کے بعد وطن واپس پہنچی ہیں۔ انہوں نے لندن سے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں پاکستان میں خواتین کی صورتحال پر طنز کیا۔اداکارہ نے ویڈیو میں کہا کہ برطانیہ میں ان کا آخری دن ہے اور کراچی واپسی سے قبل وہ لندن میں آخری بار ناشتے سے لطف اندوز ہونا چاہتی ہیں، کیونکہ اس کے بعد انہیں کراچی کی جیل میں واپس جانا ہے۔حنا الطاف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ پاکستان میں خواتین نہ آزادانہ زندگی گزار سکتی ہیں، نہ سکون سے سانس لے سکتی ہیں اور نہ ہی آزادی سے لطف اندوز ہوسکتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے لیے عوامی مقامات پر پیدل چلنا بھی مشکل ہوتا جارہا ہے اور پاکستان میں لڑکی ہونا گویا جرم بن گیا ہے۔ اداکارہ نے لندن میں اپنے قیام کو خوش گوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں ان کا وقت بہت اچھا گزرا۔