لاہور کے بچوں کی گائیکی نے نارویجن موسیقار کو جھومنے پر مجبور کردیا
لاہور (شو بز ڈیسک) لاہور کی سرتال اکیڈمی کے بچوں نے اپنی شاندار گائیکی سے ناروے کے موسیقار ولیم گیمبورگ کو جھومنے پر مجبور کردیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ولیم گیمبورگ نے یہ ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی، جسے صرف 2 روز میں تقریباً ساڑھے 8 کروڑ افراد دیکھ چکے ہیں، جبکہ 90 لاکھ سے زائد افراد اسے لائیک کرچکے ہیں۔ویڈیو سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمز پر بھی بڑے پیمانے پر شیئر کی جارہی ہے۔ صارفین بچوں کی گائیکی کے ساتھ ان کے اعتماد کو بھی سراہ رہے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے میوزک اکیڈمی کے بانی ضیا الحق نے بتایا کہ ویڈیو گزشتہ ہفتے ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس سے قبل بھی اکیڈمی کے بچوں کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ایک تقریب میں پرفارم کیا تھا۔ولیم گیمبورگ ناروے کے ہپ ہاپ بینڈ کوئیک اسٹائل کے رکن ہیں۔ اس بینڈ کی بنیاد 2006 میں پاکستانی نژاد بھائیوں سلیمان ملک اور بلال ملک نے اپنے نارویجن نژاد تھائی دوست ناصر سری خان کے ساتھ مل کر رکھی تھی۔ یہ بینڈ پاکستان اور بھارت سمیت مختلف ممالک میں مقبول ہے۔2022 میں سلیمان ملک کی شادی کے موقع پر ان کے دوستوں نے پاکستانی اور بالی ووڈ گانوں پر رقص کیا تھا۔ اس دوران گانے ’’کالا چشمہ‘‘ پر کیا گیا ڈانس دنیا بھر، خصوصاً پاکستان اور بھارت میں وائرل ہوا اور اسے سوشل میڈیا پر کروڑوں مرتبہ دیکھا گیا۔ بعد ازاں اس ڈانس کے انداز کو شادیوں میں بھی اپنایا جانے لگا۔