نیشنل سکیورٹی ورکشاپ 2026،جامعات کے وائس چانسلرز اور سینئر اساتذہ کی شرکت

14 گھنٹے قبل
نیشنل سکیورٹی ورکشاپ 2026،جامعات کے وائس چانسلرز اور سینئر اساتذہ کی شرکت

راولپنڈی( اباسین خبر) نیشنل سکیورٹی اینڈ اسٹریٹجک لیڈرشپ ورکشاپ 2026 کے دوران ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر کی جانب سے مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور سینئر اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ورکشاپ میں ملک بھر کی دو سو سے زائد جامعات کے وائس چانسلرز، ڈینز، رجسٹرارز اور سینئر اساتذہ نے شرکت کی، جبکہ لاہور، کراچی، پشاور، مظفرآباد، ملتان اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں سے شرکاء نے آن لائن بھی حصہ لیا۔اجلاس کے دوران ملک کی داخلی صورتحال اور سکیورٹی سے متعلق مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اکیڈیمیا اور دفاعی اداروں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔شرکاء نے اس موقع پر مختلف آراء کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کے درمیان تعاون قومی سلامتی، معلوماتی آگاہی اور موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو درست معلومات فراہم کرنا اور غلط معلومات سے بچانا ضروری ہے۔ورکشاپ کے شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اکیڈیمیا اور متعلقہ اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ قومی سطح پر ہم آہنگی اور آگاہی کو فروغ دیا جا سکے۔