ٹائیگر شروف پر حملے کے بعد ممبئی پولیس کا بالی وڈ ستاروں کیلئے حفاظتی انتباہ
ممبئی( شو بز ڈیسک)بھارتی شہر ممبئی کی پولیس نے اداکار ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے کے بعد بالی وڈ کی معروف شخصیات کے لیے خصوصی حفاظتی ہدایات جاری کردی ہیں۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلمی صنعت سے تعلق رکھنے والے متعدد اداکاروں کو مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گروہ کی جانب سے دھمکیاں موصول ہوئی ہیں، جس کے پیش نظر پولیس نے مشہور شخصیات کی حفاظت مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پولیس کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں اداکاروں اور دیگر معروف شخصیات کو عوامی مقامات پر جانے اور مداحوں کے ساتھ میل جول سے حتی الامکان گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کے دوران یہ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ مبینہ حملہ آور نے واردات سے پہلے بالی وڈ کی متعدد مشہور شخصیات کی رہائش گاہوں کی نگرانی کی تھی۔اس سے قبل 21 اکتوبر کو ممبئی جرائم شاخ کے ذرائع نے بتایا تھا کہ مشتبہ شخص نے دیگر شخصیات کے علاوہ امیتابھ بچن اور سلمان خان کی رہائش گاہوں پر بھی مبینہ طور پر نظر رکھی تھی۔