میرا کی والدہ چھوٹی بیٹی کی کینسر سے وفات کا ذکر کرتے ہوئے روپڑیں
کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستانی اداکارہ میرا کی والدہ اپنی چھوٹی بیٹی شائستہ کو کینسر کے باعث کھونے اور بیماری کے دوران ان کی تکالیف یاد کرکے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہوگئیں۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں میرا کی والدہ نے بتایا کہ شائستہ نے انتہائی ہمت اور حوصلے کے ساتھ کینسر کا مقابلہ کیا، تاہم مرض کی شدت کے باعث ان کی صحت مسلسل بگڑتی چلی گئی۔انہوں نے بتایا کہ بیماری کے باعث شائستہ کا بایاں بازو مکمل طور پر مفلوج ہوگیا تھا، جبکہ تقریباً 3 ماہ قبل شدید خون بہنے پر انہیں ہنگامی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے وہ دوبارہ صحت یاب نہ ہوسکیں۔میرا کی والدہ کے مطابق اداکارہ کو اپنی چھوٹی بہن سے بے حد لگاؤ تھا اور وہ لندن میں اس کی تعلیم کے دوران تعلیمی اخراجات سمیت دیگر ضروریات بھی خود پوری کرتی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ شائستہ کے انتقال کی اطلاع نے میرا کو شدید ذہنی صدمے سے دوچار کردیا ہے۔ اداکارہ کی خواہش تھی کہ ان کی بہن کو پاکستان منتقل کیا جائے، تاہم ڈاکٹروں نے ناساز طبیعت کے باعث انہیں سفر کرنے کی اجازت نہیں دی۔بیٹی کی جدائی اور زندگی کے آخری ایام کی مشکلات بیان کرتے ہوئے میرا کی والدہ اشکبار ہوگئیں اور اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔