ہانیہ عامر اور دلجیت کی فلم سردار جی 3 بھارت میں بھی ریلیز
ممبئی( شو بز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر اور بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کی پنجابی فلم ’سردار جی 3‘ بالآخر بھارتی ناظرین کے لیے بھی پیش کردی گئی ہے۔ سیاسی کشیدگی اور فلم میں پاکستانی اداکارہ کی شمولیت پر ہونے والی مخالفت کے باعث اسے بھارتی سینما گھروں میں نمائش کا موقع نہیں مل سکا تھا، تاہم اب ڈیجیٹل ذرائع سے بھارتی شائقین بھی اسے دیکھ سکیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مزاح اور خوف کے امتزاج سے تیار کردہ یہ فلم 9 نومبر کو بھارت کے ایک ڈیجیٹل تفریحی پلیٹ فارم پر جاری کی گئی۔ اس سے قبل فلم پاکستان سمیت کئی دیگر ممالک کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جاچکی ہے۔ اس کی عالمی ریلیز 27 جون 2025 کو ہوئی تھی۔بھارتی سینما گھروں میں نمائش نہ ہونے کے باوجود فلم نے پاکستانی فلمی منڈی میں غیر معمولی کامیابی حاصل کی۔ نمائش کے شعبے سے وابستہ ندیم مانڈوی والا کے مطابق فلم نے پاکستان میں تقریباً 60 کروڑ روپے کا کاروبار کیا، جس کے باعث اسے ملک کی کامیاب ترین پنجابی فلموں میں شمار کیا جانے لگا۔دوسری جانب دلجیت دوسانجھ نے برطانوی نشریاتی ادارے کے ایشیائی شعبے کو انٹرویو دیتے ہوئے ہانیہ عامر کے ساتھ کام کرنے کے تجربے پر بھی گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں کو ایک ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا موقع نہیں ملا، تاہم ہانیہ ایک انتہائی پیشہ ور اداکارہ ہیں اور ان کے ساتھ فلم کے سیٹ پر کام کرنا خوشگوار تجربہ رہا۔گلوکار نے ہانیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دوسروں کی نجی زندگی اور ذاتی حدود کا اسی طرح احترام کرتے ہیں جیسے اپنی نجی زندگی کو اہمیت دیتے ہیں۔ بالخصوص خواتین کی ذاتی آزادی اور نجی معاملات کا خیال رکھنا ان کے نزدیک ضروری ہے۔واضح رہے کہ ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کی پہلی ملاقات گزشتہ برس اکتوبر میں لندن میں ہوئی تھی، جہاں پاکستانی اداکارہ نے دلجیت کے عالمی موسیقی کے دورے کے ایک پروگرام میں شرکت کی تھی۔ اس موقع پر گلوکار نے انہیں اسٹیج پر بھی مدعو کیا تھا۔