حمیرا ظہیر ایک ہفتے سے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیرِ علاج ہیں، بشریٰ انصاری
کراچی (شوبز ڈیسک) سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری اپنی بچپن کی دوست اور معروف فنکارہ حمیرا ظہیر کی علالت کے باعث شدید فکرمند ہیں۔ انہوں نے مداحوں سے حمیرا ظہیر کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔بشریٰ انصاری نے حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک پیغام کے ذریعے حمیرا ظہیر کی طبیعت ناساز ہونے کی اطلاع دی تھی۔ اب انہوں نے بتایا ہے کہ حمیرا ظہیر بالکل ٹھیک تھیں، تاہم اچانک طبیعت بگڑنے پر انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) منتقل کرنا پڑا۔ان کے مطابق حمیرا ظہیر گزشتہ ایک ہفتے سے آئی سی یو میں داخل ہیں اور تاحال ان کی صحت میں کوئی نمایاں بہتری نہیں آئی۔ بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ وہ روزانہ اسپتال جا کر اپنی دوست کی عیادت کر رہی ہیں۔اداکارہ نے مزید کہا کہ ذہنی دباؤ آج ہر شخص کی صحت کو متاثر کر رہا ہے اور موجودہ حالات میں شدید ذہنی تناؤ انسان کو چند لمحوں میں انتہائی نگہداشت وارڈ تک پہنچا سکتا ہے۔ انہوں نے مداحوں اور چاہنے والوں سے اپیل کی کہ حمیرا ظہیر کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کریں۔