محمد رضوان کی آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ سے رہنمائی کی درخواست
لاہور ( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے موبائل فون لے جانے اور اینٹی کرپشن کارروائی سے متعلق آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ سے وضاحت طلب کرلی۔محمد رضوان نے آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے آن لائن پورٹل پر درخواست جمع کراتے ہوئے دریافت کیا کہ آیا آئی سی سی، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی اینٹی کرپشن یونٹ کی کارروائی سے باخبر تھی یا اس میں شامل تھی۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ موبائل فون طلب کرنے اور اسے برطانیہ سے پاکستان منتقل کرنے کا عمل آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ کے مطابق تھا یا نہیں، جبکہ فون کے فرانزک معائنے کا طریقہ کار بھی ضابطے کے تحت ہونے سے متعلق وضاحت مانگی گئی۔محمد رضوان نے آئی سی سی سے آئندہ ایسے معاملات میں تعاون کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں اور متعلقہ طریقہ کار کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کسی ادارے یا فرد کے خلاف شکایت نہیں کررہے بلکہ صرف معاملے کے طریقہ کار اور ضوابط سے متعلق وضاحت چاہتے ہیں۔