محمد عامر کی آئی پی ایل میں شرکت کی خبروں کی تردید
لاہور( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے برطانوی شہریت کی بنیاد پر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیلنے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔محمد عامر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں واضح کیا کہ آئی پی ایل میں شرکت کے حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات درست نہیں ہیں۔واضح رہے کہ سابق پاکستانی فاسٹ بولر برطانوی پاسپورٹ ملنے کے بعد برطانوی شہری بن چکے ہیں۔دوسری جانب ایک کرکٹ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ محمد عامر نے افغانستان پریمیئر لیگ (اے پی ایل) کے ڈرافٹ میں بھی برطانوی شہری کی حیثیت سے اپنا نام درج کرایا ہے۔رپورٹ میں سابق پاکستانی آل راؤنڈر اظہر محمود کی مثال بھی دی گئی، جنہوں نے برطانوی پاسپورٹ کی بنیاد پر 2012 سے 2015 کے دوران آئی پی ایل میں کنگز الیون پنجاب اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کی تھی۔