ابوظبی ٹی 10 لیگ میں محمد عامر اور بھارتی کھلاڑی آمنے سامنے

ابوظبی ٹی 10 لیگ میں محمد عامر اور بھارتی کھلاڑی آمنے سامنے

Nov 12, 2026|ویب ڈیسک

ابوظبی (سپورٹس ڈیسک) ابوظبی ٹی 10 لیگ کے ایک مقابلے میں پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر اور بھارتی کھلاڑی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوگیا، جس کے بعد میدان میں کشیدگی کی صورت حال پیدا ہوگئی۔واقعے کے مطابق محمد عامر بولنگ کر رہے تھے کہ بھارتی بلے باز نے وکٹ کیپر کے اوپر سے الٹا شاٹ کھیل کر چوکا حاصل کیا، جس پر دونوں کھلاڑیوں کے درمیان گرما گرمی ہوگئی۔ تاہم اگلی ہی گیند پر بھارتی بلے باز نے شاٹ کھیلنے کی کوشش کی، مگر باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔ وکٹ حاصل کرنے کے بعد عامر نے بھرپور انداز میں جشن منایا۔محمد عامر ٹی 10 لیگ میں یو اے ای بلز کی نمائندگی کر رہے ہیں، جس میں پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان بھی شامل ہیں۔ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں عامر نے 2 اوورز میں 38 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل ایک اور مقابلے میں پاکستانی بلے باز افتخار احمد نے عامر کو چھکا لگایا تھا، جس کے جواب میں فاسٹ بولر کی باؤنسر براہِ راست افتخار کے ہیلمٹ پر جا لگی۔ صورت حال کے پیش نظر فزیو کو بھی میدان میں آنا پڑا۔