اسلام آباد( کامرس ڈیسک)وزارتِ ریلوے پاکستان نے قومی اسمبلی میں کراچی سے پشاور تک 1,726 کلومیٹر طویل مین لائن ون (ML-1) ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کا تفصیلی منصوبہ پیش کر دیا ہے۔حکومتی دستاویزات کے مطابق یہ میگا منصوبہ پانچ مراحل میں مکمل کیا جائے گا، جس پر مجموعی طور پر 6.66 ارب ڈالر لاگت آئے گی۔منصوبے کے پہلے مرحلے میں کراچی تا روہڑی ریلوے سیکشن کی اپ گریڈیشن شامل ہے، جس کی لاگت تقریباً 2 ارب ڈالر ہوگی اور اسے تین سال میں مکمل کیا جائے گا۔دوسرے مرحلے میں روہڑی تا ملتان ریلوے سیکشن کو جدید بنایا جائے گا، جس پر 1.26 ارب ڈالر خرچ ہوں گے۔تیسرے مرحلے میں ملتان تا لاہور ریلوے سیکشن کی اپ گریڈیشن کی جائے گی، جس پر تقریباً 880 ملین ڈالر لاگت آئے گی اور یہ دو سال میں مکمل ہوگا۔چوتھے مرحلے کے تحت لاہور تا راولپنڈی ریلوے سیکشن کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، جس پر 1.56 ارب ڈالر لاگت آئے گی۔آخری مرحلے میں راولپنڈی تا پشاور ریلوے سیکشن کی اپ گریڈیشن کی جائے گی، جس پر 920 ملین ڈالر خرچ ہوں گے۔حکومت کے مطابق یہ منصوبہ پاکستان کے ریلوے نظام کو جدید بنانے، سفر کے دورانیے میں کمی اور مال برداری کے نظام کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
کراچی سے پشاور تک ایم ایل-ون منصوبہ: 6.66 ارب ڈالر لاگت سے ریلوے اپ گریڈیشن کا جامع پلان پیش
2 گھنٹے قبل