قلعہ سیف اللہ میں آپریشن، فتنہ الخوارج کا کمانڈر عادل شاہ ہلاک
کوئٹہ ( اباسین خبر) بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے کمانڈر عادل شاہ عرف درویش کو ہلاک کردیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ آپریشن ’’ردالفتنہ 3‘‘ کے تحت کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عادل شاہ دسمبر 2020 سے تنظیم سے وابستہ تھا اور 2024 سے اس کے مالی معاملات کی نگرانی کر رہا تھا۔ وہ مبینہ طور پر غیر مقامی دہشت گردوں کو ژوب، شیرانی اور شعبان کے علاقوں میں رہائش فراہم کرنے میں بھی معاونت کرتا تھا۔ اس کے علاوہ وہ 2022 اور 2023 میں سکیورٹی فورسز پر حملوں اور اغوا برائے تاوان کی کارروائیوں میں ملوث رہا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک کمانڈر کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں 19 مقدمات درج تھے، جبکہ اس کی گرفتاری میں مدد دینے والی معلومات پر 25 لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا تھا۔وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے داخلہ و قبائلی امور بابر یوسفزئی نے کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’ردالفتنہ 3‘‘ کے تحت کارروائیاں صوبے میں امن کی بحالی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔ ان کے مطابق دہشت گردوں کے نیٹ ورکس، سہولت کاروں اور معاونت کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنا ضروری ہے۔بابر یوسفزئی نے عزم ظاہر کیا کہ بلوچستان میں امن و امان خراب کرنے کی کوششوں کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی آپریشنز جاری رہیں گے۔