مشرق وسطیٰ کی کشیدگی، عالمی منڈی میں خام تیل مزید مہنگا ہو گیا

مشرق وسطیٰ کی کشیدگی، عالمی منڈی میں خام تیل مزید مہنگا ہو گیا

Jul 24, 2026|ویب ڈیسک

لندن( کامرس ڈیسک) مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات عالمی تیل مارکیٹ پر نمایاں ہونے لگے ہیں، جہاں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے۔عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھ کر 100.5 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جو گزشتہ دو ماہ کی بلند ترین سطح قرار دی جا رہی ہے۔اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت بھی اضافے کے بعد 91.65 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی، جس سے عالمی توانائی منڈی میں غیر یقینی صورتحال مزید گہری ہو گئی ہے۔دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز سے گزرنے والے آئل ٹینکرز کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی ہے، جہاں ٹینکرز کی تعداد کم ہو کر گزشتہ دو ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعرات کے روز صرف ایک آئل ٹینکر آبنائے ہرمز سے گزرا۔ "نیو جائنٹ" نامی اس جہاز میں تقریباً 20 لاکھ بیرل عراقی خام تیل لدا تھا، جو چین کی ریژاؤ بندرگاہ کی جانب روانہ ہوا۔