خواتین انڈر 19 سہ فریقی سیریز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان

خواتین انڈر 19 سہ فریقی سیریز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان

Sep 17, 2026|ویب ڈیسک

فیصل آباد (سپورٹس ڈیسک) فیصل آباد میں 2 اکتوبر سے شروع ہونے والی پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی خواتین انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی سہ فریقی سیریز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق 10 میچوں پر مشتمل سیریز 2 سے 16 اکتوبر تک فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔آئی سی سی کے بین الاقوامی امپائرز پینل کی رکن سلیمہ امتیاز ٹورنامنٹ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گی، جبکہ عبدالمقیت، ذوالفقار جان، عمران جاوید، طارق رشید، ثانیہ اشرف، عافیہ امین اور نازیہ نذیر بھی امپائرنگ پینل میں شامل ہیں۔سیریز کے ابتدائی 5 میچوں کیلئے بلال خلجی کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے، وہ 2 سے 8 اکتوبر تک ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ افتخار احمد آخری 4 لیگ میچز اور 16 اکتوبر کو ہونے والے فائنل میں میچ ریفری ہوں گے۔تینوں ٹیمیں لیگ مرحلے میں ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کریں گی، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی 2 سرفہرست ٹیمیں 16 اکتوبر کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔