نمک کی برآمدات کیلئے بڑے فیصلے، ناقص پیکنگ اور غیر ضروری جانچ کے خاتمے کے احکامات جاری

6 دن قبل
نمک کی برآمدات کیلئے بڑے فیصلے، ناقص پیکنگ اور غیر ضروری جانچ کے خاتمے کے احکامات جاری

کراچی( کامرس ڈیسک)پاکستان کسٹمز ایکسپورٹ کلکٹریٹ نے نمک کی برآمدی کھیپ کو بہتر پیکنگ کے ساتھ بلا رکاوٹ روانہ کرنے کے احکامات جاری کر دیے، برآمدات میں حائل مسائل کے حل کے لیے اہم فیصلے کر لیے گئے۔یہ ہدایات کلکٹر کسٹمز ایکسپورٹ رضوان محمود کی زیر صدارت اجلاس میں جاری کی گئیں، جس میں سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے بانی چیئرمین اسماعیل ستار کی قیادت میں چیئرپرسن صائمہ اختر اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔اجلاس میں برآمد کنندگان اور کسٹمز حکام نے عالمی منڈی میں نمک کی صنعت کی ساکھ کو متاثر کرنے والے دیرینہ مسائل کے حل پر اتفاق کیا، بندرگاہ پر کنٹینرز کی ناقص دوبارہ سیلنگ کے باعث بیرون ملک پیکنگ خراب ہونے کے مسئلے کو فوری طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔حکام نے ہدایت کی کہ برآمدات کو عمومی تجارتی کوڈ کے تحت ظاہر کرنے کی روش ترک کی جائے اور غیر ضروری و بار بار جانچ کے عمل کو روکا جائے تاکہ برآمدی عمل کو تیز اور مؤثر بنایا جا سکے۔اجلاس کے دوران ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بتایا کہ بیرون ملک خریدار خراب پیکنگ پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں، جس کی بنیادی وجہ بندرگاہ پر جانچ کے بعد ناقص سیلنگ ہے، اس مسئلے کے حل کے لیے فوری اقدامات پر زور دیا گیا۔