اب ہر رشتے میں محبت برقرار رکھنے کیلئے وقت اور توجہ دینا پڑتی ہے: بشریٰ انصاری
کراچی (شوبز ڈیسک)پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں رشتوں میں محبت قائم رکھنے کے لیے وقت دینے کے ساتھ ساتھ کچھ خرچ بھی کرنا پڑتا ہے۔اداکارہ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنی ایک ویڈیو میں محبت اور انسانی تعلقات کے حوالے سے خیالات کا اظہار کیا۔بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ اگر انسان اپنے خونی رشتوں کو وقت دے تو وہ بھی اس کے قریب رہتے ہیں اور باہمی محبت میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اولاد کے معاملے میں بھی یہی اصول لاگو ہوتا ہے، بچوں کو محبت دینے کے ساتھ ان پر خرچ کرنے سے بھی رشتے میں مضبوطی آتی ہے۔سینئر اداکارہ کے مطابق دوستی بھی اسی طرح فائدے اور باہمی تعلق سے جڑی ہوتی ہے، اگر آپ کسی دوست کے لیے مفید ہوں تو وہ ساتھ رہتا ہے، بصورت دیگر آہستہ آہستہ دور ہو جاتا ہے۔بشریٰ انصاری نے اپنے خیالات سمیٹتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں ہر رشتے میں محبت برقرار رکھنے کے لیے اسے وقت اور توجہ دینا پڑتی ہے۔