گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات 14 جون 2026 کو، تیاریوں کا آغاز

8 گھنٹے قبل
گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات 14 جون 2026 کو، تیاریوں کا آغاز

گلگت( اباسین خبر) چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان کی زیر صدارت گلگت بلتستان انتخابات 2026 کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں انتخابی تیاریوں اور ضابطہ اخلاق پر اہم فیصلے کیے گئے۔اعلامیے کے مطابق گلگت بلتستان میں 25 سال بعد بلدیاتی انتخابات 14 جون 2026 کو منعقد ہوں گے، جبکہ پولنگ شیڈول کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابی مہم کے دوران پینا فلیکس اور غیر ضروری تشہیری مواد پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اعلامیے کے مطابق انتخابات میں مجموعی طور پر ایک ہزار نو سو چھیاسی منتخب نمائندوں کا انتخاب کیا جائے گا، جبکہ 164 یونین کونسلز، 10 ڈسٹرکٹ کونسلز اور 3 میونسپل کارپوریشنز قائم کی گئی ہیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ صوبے بھر میں 3048 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے اور تقریباً 13 ہزار اہلکار انتخابی عمل کی نگرانی کے فرائض انجام دیں گے۔سرکاری ملازمین کو انتخابی مہم میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں تادیبی کارروائی کی جائے گی۔کانفرنس میں جدید مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے شفاف انتخابات کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا، جبکہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں نے الیکشن کمیشن کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا۔