بجلی نظام میں جدید اصلاحات کے تحت ذہین میٹرنگ منصوبے کا آغاز

3 گھنٹے قبل
بجلی نظام میں جدید اصلاحات کے تحت ذہین میٹرنگ منصوبے کا آغاز

اسلام آباد( کامرس ڈیسک) بجلی کے نظام میں جدید اصلاحات کے تحت ذہین میٹرنگ منصوبے کے آغاز سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس سے ترسیلی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔محکمہ توانائی اور بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن کے درمیان ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز کے معاہدے کے تحت تقریباً ایک کروڑ بجلی کے کنکشنز پر ذہین میٹرز کی تنصیب کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جس کے لیے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع ہے۔وزیراعظم کے وژن کے مطابق بجلی کے ترسیلی نظام کی ڈیجیٹل تبدیلی میں تیزی آ رہی ہے، جبکہ ذہین میٹرنگ کے ذریعے بجلی چوری کی روک تھام اور بلنگ کے نظام میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔عالمی مسابقتی عمل کے باعث ذہین میٹرز کی قیمتوں میں چالیس فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے، جس سے منصوبے کی لاگت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔نئے بجلی کنکشنز کے لیے ذہین میٹرز کی تنصیب لازمی قرار دے دی گئی ہے، جس کے بعد روایتی میٹرز کا اجرا مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے اور نظام کو جدید بنانے کی جانب عملی پیش رفت ہوئی ہے۔تھری فیز صارفین کے تمام میٹرز کو مرحلہ وار ذہین میٹرز میں تبدیل کیا جائے گا، جبکہ کمرشل اور صنعتی صارفین کو بھی اس جدید نظام میں شامل کیا جا رہا ہے۔ ناقص میٹرز کے مسئلے کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں اور نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کی منظوری سے عمل میں مزید تیزی آئی ہے۔ذہین میٹرز کی تنصیب سے ریکوری میں بہتری اور بجلی کے نقصانات میں کمی متوقع ہے، جبکہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات سے مالی استحکام اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔حکومت نے عوام کو قابل اعتماد اور معیاری بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔