دہشت گردی کے خلاف جنگ، پختونخوا پولیس کو جدید گاڑیاں اور طبی سہولیات فراہم
پشاور ( اباسین خبر)خیبر پختونخوا پولیس کو دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں مزید مؤثر بنانے کے لیے 10 جدید ایمبولینسز اور 8 بکتر بند گاڑیاں مختلف اضلاع کے پولیس افسران کے حوالے کردی گئیں۔سینٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پولیس ذوالفقار حمید نے گاڑیوں کی چابیاں متعلقہ افسران کے سپرد کیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔فراہم کردہ بکتر بند گاڑیوں میں 6 ضرب حیدر اور 2 ڈریگون کلاس گاڑیاں شامل ہیں، جنہیں پشاور، چارسدہ، دیر، کوہاٹ، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، ایبٹ آباد اور شانگلہ سمیت مختلف علاقوں میں تعینات پولیس افسران کے حوالے کیا گیا۔ یہ گاڑیاں آپریشنز اور ہنگامی حالات میں اہلکاروں کی محفوظ نقل و حرکت میں مدد دیں گی۔پولیس کو فراہم کی گئی 10 جدید ایمبولینسز ضروری طبی آلات سے لیس ہیں، جن کے ذریعے آپریشنز یا دہشت گردوں کے حملوں میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد دے کر بروقت اسپتال منتقل کیا جاسکے گا۔آئی جی پولیس ذوالفقار حمید نے گاڑیوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ جدید بکتر بند گاڑیاں اہلکاروں کی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کریں گی، جبکہ طبی سہولیات سے آراستہ ایمبولینسز زخمی جوانوں کو فوری اسپتال پہنچانے اور ان کی زندگیاں بچانے میں معاون ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پولیس فورس کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں خصوصی تجاویز صوبائی حکومت کو بھی بھیجی گئی ہیں۔