کترینہ کیف کی والدہ دیہی علاقے میں بچوں کی تعلیم کیلئے سرگرم
ممبئی( شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف کی والدہ سوزین ٹرکوٹ کئی برس سے بھارت کے ایک دیہی علاقے میں سادہ زندگی گزارنے کے ساتھ غریب اور پسماندہ بچوں کی تعلیم کے لیے فلاحی خدمات انجام دے رہی ہیں۔سوزین ٹرکوٹ نے 2008ء میں لندن چھوڑ کر تامل ناڈو کا رخ کیا، جہاں انہوں نے پسماندہ طبقے کے بچوں کی مدد کے لیے فلاحی ادارے ’’ریلیف پروجیکٹس انڈیا‘‘ کے تحت کام شروع کیا۔بعدازاں 2015ء میں انہوں نے ’’ماؤنٹین ویو اسکول‘‘ قائم کیا۔ یہ ادارہ ابتدا میں 30 سے بھی کم بچوں کے لیے نرسری کی حیثیت رکھتا تھا، تاہم اب یہاں 300 سے زائد بچے زیرِ تعلیم ہیں۔کترینہ کیف کے مطابق ان کی والدہ ایسے علاقے میں مقیم ہیں جہاں طویل عرصے تک بجلی اور بعض اوقات انٹرنیٹ کی سہولت بھی دستیاب نہیں ہوتی، جس کے باعث کترینہ کئی مرتبہ ان سے ویڈیو رابطہ نہیں کر پاتیں۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ ان کی والدہ نے دوسروں کی مدد کے لیے اپنی مرضی سے یہ مشکل طرزِ زندگی اختیار کیا ہے۔ کترینہ بھی والدہ کے فلاحی کاموں میں مالی معاونت کرتی ہیں۔فلاحی ادارہ اب تامل ناڈو کے 25 دیہات میں تعلیم، خواتین کی بہبود اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہا ہے۔