قرآنی آیت والا ہار پہننے پر کرینہ کپور کو قانونی نوٹس جاری
ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور کو دیوالی کی تقریبات میں آیت الکرسی کندہ زیور پہننے پر قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکارہ نے دیوالی کے موقع پر سیف علی خان کے خاندان سے وراثت میں ملنے والا قیمتی ہار پہنا تھا، جس پر قرآن پاک کی آیت الکرسی کندہ ہے۔ یہ زیور 30 قیراط کے زمرد پر مشتمل ہے اور بھوپال کے شاہی خاندان کی ملکیت رہا ہے، جبکہ کرینہ نے اس کے ساتھ تقریباً 200 سال قدیم کلغی بھی زیب تن کی تھی۔بھارتی سیاسی رہنما عباس حفیظ نے مذہبی جذبات مجروح ہونے کا مؤقف اختیار کرتے ہوئے کرینہ کپور اور ان کی ملبوسات کی آرائش کرنے والی ریا کپور کو قانونی نوٹس ارسال کیا ہے۔نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا سے متعلقہ تصاویر اور ویڈیوز ہٹائی جائیں، عوامی سطح پر معافی مانگی جائے اور مستقبل میں مقدس آیات کے احترام کو یقینی بنایا جائے۔عباس حفیظ کا کہنا ہے کہ ان کا اعتراض اداکارہ کے لباس یا دیوالی منانے پر نہیں، بلکہ قرآنی آیت کو فیشن کے طور پر پیش کرنے پر ہے۔ تاحال کرینہ کپور یا سیف علی خان کی جانب سے اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔