جو روٹ نے رضا اللہ کو فٹنس اور محنت جاری رکھنے کا مشورہ دے دیا
برمنگھم (سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے نوجوان پاکستانی کرکٹر رضا اللہ کا کہنا ہے کہ انگلش کپتان جو روٹ میچ کے بعد خصوصی طور پر ان سے ملنے آئے اور حوصلہ بڑھاتے ہوئے محنت جاری رکھنے اور فٹنس کا خیال رکھنے کا مشورہ دیا۔’’ایکسپریس‘‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے رضا اللہ نے بتایا کہ عالمی سطح کے کھلاڑی کی جانب سے حوصلہ افزائی ان کے لیے خوشی اور اعتماد کا باعث بنی، جبکہ جو روٹ نے ان کی کارکردگی کو بھی سراہا۔انہوں نے اپنے کرکٹ سفر کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کھیل کا آغاز بڑے بھائی کے ساتھ کیا، جو انہیں موٹر سائیکل پر گراؤنڈ لے کر جاتے تھے۔ 2019ء میں ہارڈ بال کرکٹ شروع کی، تاہم اس سے پہلے اور بعد میں ٹیپ بال کرکٹ بھی کھیلتے رہے۔رضا اللہ نے بتایا کہ 2022ء میں انڈر 19 کے ٹرائلز دیے لیکن انتخاب نہیں ہوسکا، تاہم انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور اگلے برس دوبارہ ٹرائلز میں حصہ لیا۔ان کے مطابق 2023ء میں ضلع کی ٹیم میں جگہ بنانے کے بعد ریجن کی نمائندگی کا موقع ملا، جبکہ 2025ء میں پشاور کی جانب سے مہمان کھلاڑی کے طور پر کھیلتے ہوئے سنچری اور نصف سنچری بھی بنائی۔ بعد ازاں فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی نمایاں کارکردگی دکھائی اور ایک اننگز میں 3 مرتبہ 5 وکٹیں حاصل کیں۔رضا اللہ نے کہا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ کی کارکردگی سے اعتماد میں اضافہ ہوا اور وہ بولنگ کے ساتھ بیٹنگ بہتر بنانے پر بھی مسلسل توجہ دیتے رہے۔انہوں نے اپنے والدین کی دعاؤں، بھائیوں، دوستوں اور خصوصاً کوچز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کا ساتھ دیا، حوصلہ بڑھایا اور انہیں کبھی مایوس نہیں ہونے دیا۔