بابر اعظم کی سات سال بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی

بابر اعظم کی سات سال بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی

Sep 15, 2026|ویب ڈیسک

لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ناقص کارکردگی کے بعد طویل فارمیٹ میں فارم بہتر بنانے کے لیے ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق بابر اعظم جاری پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کی نمائندگی بطور مہمان کھلاڑی کریں گے۔ذرائع کے مطابق بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کی درخواست کی تھی تاکہ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے اپنی فارم اور ردھم برقرار رکھ سکیں، جس کے بعد پی سی بی نے او جی ڈی سی ایل کے ساتھ یہ انتظام کیا۔بابر اعظم دسمبر 2022ء کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری اسکور نہیں کرسکے۔ 2023ء سے اب تک 39 اننگز میں ان کی بیٹنگ اوسط 30.43 رہی ہے اور وہ صرف 8 نصف سنچریاں بنا سکے ہیں۔ ان کی آخری ٹیسٹ سنچری نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں 161 رنز کی تھی۔سابق کرکٹرز کی جانب سے بابر اعظم کی تکنیک، خصوصاً شارٹ بال کھیلنے میں مشکلات پر بھی تنقید کی جاتی رہی ہے۔بابر اعظم تقریباً 7 سال بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپس آرہے ہیں۔ انہوں نے آخری مرتبہ 2019ء میں فرسٹ کلاس میچ کھیلا تھا، جب ان کی قیادت میں سینٹرل پنجاب نے قائداعظم ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔او جی ڈی سی ایل کی ٹیم میں بابر اعظم کی شمولیت کو اہم قرار دیا جارہا ہے، جبکہ فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر عامر جمال بھی ایم آئی ٹی ایس کی جانب سے بطور مہمان کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔