اسرائیلی وزیر کا غزہ فلم کے ہدایت کاروں کو غدار قرار دینے کا اعلان
تل ابیب (شوبز ڈیسک) اسرائیلی وزیر ثقافت مکی زوہر نے فلسطینی شہریوں کی ہلاکتوں پر بننے والی دستاویزی فلم ’’نازا‘‘ کے اسرائیلی ہدایت کاروں یووال ابراہم اور ریچل زور کو غدار قرار دیتے ہوئے ان کی شہریت منسوخ کرنے کی کارروائی کا اعلان کردیا۔مکی زوہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں فلم کی کامیابی کو حیران کن قرار دیتے ہوئے دستاویزی فلم کو انتہائی قابلِ مذمت قرار دیا۔اسرائیلی وزیر نے فلم سازوں پر الزام لگایا کہ انہوں نے بیرون ملک پذیرائی حاصل کرنے کے لیے اپنے ملک کو نقصان پہنچایا، جو ان کے بقول ریاست سے غداری کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ سنیما کے شعبے میں اہم اصلاحات کا مقصد یہ تھا کہ اسرائیلی شہریوں کو اپنی جیب سے فوجی اہلکاروں اور اسرائیلی ریاست کو پہنچنے والے نقصان کا بوجھ برداشت نہ کرنا پڑے۔مکی زوہر کا کہنا تھا کہ وزیر ثقافت کی حیثیت سے وہ دونوں فلم سازوں کی اسرائیلی شہریت غداری کے الزام میں فوری طور پر منسوخ کرانے کے لیے اقدامات کریں گے۔واضح رہے کہ وینس فلم فیسٹیول میں خصوصی جیوری ایوارڈ حاصل کرنے والی ’’نازا‘‘ میں غزہ میں فلسطینی شہریوں کی ہلاکتوں کا جائزہ لیا گیا ہے، جبکہ فلم میں اسرائیلی فوجیوں اور انٹیلی جنس اہلکاروں کے بیانات بھی شامل ہیں۔فلم کی وینس فلم فیسٹیول میں نمائش کے بعد اسے تقریباً 25 منٹ تک کھڑے ہوکر داد دی گئی تھی۔