اسلام آباد ( اباسین خبر) شہریوں کی سفری سہولت کو بہتر بنانے کے لیے مارگلہ روڈ کو موٹروے سے براہِ راست منسلک کرنے کے میگا پراجیکٹ پر تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبے کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں منصوبے سے متعلق بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ یہ منصوبہ 2.7 کلومیٹر طویل ہوگا، جس میں تین رویہ مرکزی سڑک اور دو رویہ سروس روڈ شامل ہوگی۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ منصوبے میں جی ٹی روڈ سنگجانی کے مقام پر انٹرچینج، دو انڈر پاسز اور ایک پل بھی تعمیر کیا جا رہا ہے، جو ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ منصوبے کی تکمیل دسمبر 2026 تک متوقع ہے جبکہ اس کا ایک حصہ پنجاب حکومت کی جانب سے مکمل کیا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ نے سنگجانی انٹرچینج کو 31 جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کام کی رفتار تیز کرنے اور مقررہ مدت کی پابندی یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے اسلام آباد اور موٹروے کے درمیان ایک نیا، تیز اور متبادل راستہ دستیاب ہوگا جس سے شہریوں کے سفر کا وقت کم اور ٹریفک کا دباؤ نمایاں طور پر کم ہو جائے گا۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ منصوبے کی ہر مرحلے پر معیار، شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جائے کیونکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
اسلام آباد: مارگلہ روڈ کو موٹروے سے ملانے کے میگا پراجیکٹ پر کام شروع
4 گھنٹے قبل