ایرانی فلم ’’مڈ ڈے میل‘‘ نے بوسان فلم فیسٹیول کا بڑا اعزاز جیت لیا
تہران( شو بز ڈیسک)ایرانی فلم ساز مجید مجیدی کی ڈرامہ فلم ’’مڈ ڈے میل‘‘ نے جنوبی کوریا میں منعقدہ بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا سب سے بڑا ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔ اس کامیابی کے بعد فلم آسکر ایوارڈز کی بین الاقوامی فیچر فلم کیٹیگری کے لیے براہِ راست اہلیت بھی حاصل کر چکی ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیا کے نمایاں فلمی میلوں میں شمار ہونے والے بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے مرکزی مقابلے میں اس سال 13 فلمیں شامل تھیں، جن میں جنوبی کوریا کی تین فلمیں بھی موجود تھیں۔ فیسٹیول میں گزشتہ سال پہلی مرتبہ باقاعدہ مسابقتی مقابلے کا آغاز کیا گیا تھا، تاہم اس سال ایرانی فلم نے تمام حریفوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔فلم کو فاتح قرار دینے کا فیصلہ معروف چینی ہدایت کار ژانگ ییمو کی سربراہی میں قائم جیوری نے کیا۔ ژانگ ییمو اپنی عالمی شہرت یافتہ فلم ’’رائز دی ریڈ لالٹین‘‘ کے باعث پہچانے جاتے ہیں۔’’مڈ ڈے میل‘‘ کی کہانی ایران کے ایک غریب گاؤں میں تعینات استاد کے گرد گھومتی ہے، جو نامساعد حالات کے باعث اپنے اسکول کو بند ہونے سے بچانے کے لیے اسمگلنگ کا راستہ اختیار کر لیتا ہے۔ فلم میں استاد کی مجبوریوں اور تعلیمی ادارے کو بچانے کے لیے اس کی جدوجہد کو اجاگر کیا گیا ہے۔بوسان فلم فیسٹیول میں یہ کامیابی مجید مجیدی کے لیے ایک اہم اعزاز ہے۔ آسکر کی بین الاقوامی فیچر فلم کیٹیگری کے لیے براہِ راست اہلیت ملنے کے بعد فلم کو عالمی سطح پر مزید پذیرائی ملنے کی توقع ہے۔