بجلی فی یونٹ 2 روپے 56 پیسے مہنگی ہونے کا امکان

بجلی فی یونٹ 2 روپے 56 پیسے مہنگی ہونے کا امکان

Oct 17, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد( کامرس ڈیسک) ملک میں بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ قیمت میں 2 روپے 56 پیسے اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی ہے۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے مطابق درخواست پر 29 اکتوبر کو سماعت ہوگی، جس میں بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ستمبر کے دوران بجلی کی اوسط فیول لاگت 10 روپے 2 پیسے فی یونٹ رہی، جبکہ اس کا تخمینہ 7 روپے 46 پیسے لگایا گیا تھا۔سی پی پی اے کے اعداد و شمار کے مطابق ستمبر میں بجلی کی پیداوار پر مجموعی طور پر 127 ارب 87 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ مقامی کوئلے سے بجلی بنانے پر 7 ارب 95 کروڑ روپے، درآمدی کوئلے پر 37 ارب 14 کروڑ روپے، ڈیزل پر 13 ارب 26 کروڑ روپے اور فرنس آئل پر 11 ارب 81 کروڑ روپے لاگت آئی۔اسی عرصے میں مقامی گیس سے بجلی کی پیداوار پر 13 ارب 89 کروڑ روپے، جبکہ ایل این جی کے ذریعے بجلی بنانے پر 31 ارب 93 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے مطابق ستمبر کے دوران بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے صارفین کو مجموعی طور پر 12 ارب 76 کروڑ یونٹ بجلی فروخت کی۔