ممکنہ جنگ میں ہر شہری کو قربانی دینا پڑ سکتی ہے، برطانوی فوجی سربراہ
لندن ( مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی فوج کے سربراہ جنرل سر رولی واکر نے خبردار کیا ہے کہ دنیا کو اس وقت سنگین سکیورٹی خطرات لاحق ہیں، جس کے پیش نظر برطانیہ کو ممکنہ جنگ کے لیے پیشگی تیاری کرنا ہوگی۔جنرل واکر کے مطابق برطانوی عوام کو جلد حکومت کی جانب سے ملکی خطرات اور دفاعی ضروریات پر واضح مؤقف سننے کو ملے گا۔شمالی یارکشائر کے کیٹرک گیریژن میں تقریباً 700 فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب برطانیہ جنگ کے امکان پر غور کرنے سے بھی گریز کرتا تھا، لیکن اب عالمی حالات میں خطرات غیر معمولی حد تک بڑھ چکے ہیں اور فوجی تیاری دوبارہ قومی ترجیحات میں شامل ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت عوام کو یہ سمجھانے کی کوشش کرے گی کہ قومی دفاع اور سلامتی کو ترجیح دینے کے لیے انہیں بعض قربانیاں دینا پڑ سکتی ہیں۔ شہریوں کو صرف فوج کی حمایت تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ملکی دفاع اور سلامتی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے بھی تیار رہنا ہوگا۔فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل واکر نے کہا کہ اگر برطانیہ کو جنگ میں حصہ لینا پڑا تو ملک کو انہی فوجیوں کی ضرورت ہوگی۔ ان کے مطابق زمینی جنگ کا سب سے زیادہ بوجھ عموماً نوجوان اور کم تجربہ کار فوجیوں کو اٹھانا پڑتا ہے۔واضح رہے کہ برطانوی حکومت دفاعی اخراجات میں نمایاں اضافے کا ہدف پہلے ہی مقرر کر چکی ہے، جس کے حصول کے لیے دیگر شعبوں کے اخراجات اور قومی ترجیحات سے متعلق مشکل فیصلے کرنا پڑ سکتے ہیں۔