ایران کی سعودی عرب اور یمن کے اختلافات ختم کرانے کیلئے سفارتی کردار کی پیشکش
تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے سعودی عرب اور یمن کے درمیان اختلافات ختم کرانے کے لیے سفارتی کردار ادا کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں فریق درخواست کریں تو تہران اپنے تمام سفارتی وسائل استعمال کرنے کے لیے تیار ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی عرب اور یمن کے تنازع پر ایران کا مؤقف واضح کیا۔ انہوں نے یمن کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف جوابی کارروائیوں میں ایرانی کردار سے متعلق الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا۔اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران تنازع ختم کرانے کے لیے ہمیشہ اپنی کوششیں اور سفارتی صلاحیتیں بروئے کار لانے پر آمادہ رہا ہے۔ اگر دونوں فریق اس حوالے سے درخواست کریں تو تہران اس مقصد کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں استعمال کرے گا۔ترجمان نے زور دیا کہ خطے کے ممالک اور وسیع تر اسلامی دنیا کو تنازع کے خاتمے اور علاقائی کشیدگی کم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں۔