عمران عباس نے اداکاری چھوڑ دی، اب آخرت میں فائدہ دینے والے کاموں پر توجہ
کراچی( شو بز ڈیسک)پاکستان کے معروف اداکار اور ماڈل عمران عباس نے ٹیلی وژن ڈراموں سے کنارہ کشی اختیار کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اب وہ ایسے کام کرنا چاہتے ہیں جن کا فائدہ انہیں آخرت میں حاصل ہو۔حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں فون پر گفتگو کرتے ہوئے عمران عباس نے میزبان مشی خان کو بتایا کہ وہ گزشتہ دو سے تین سال سے ٹی وی ڈراموں میں کام نہیں کر رہے اور فی الحال اداکاری سے دور ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اب وہ رئیل اسٹیٹ کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔ چونکہ وہ پیشے کے اعتبار سے آرکیٹیکٹ بھی ہیں، اس لیے انہوں نے اسلام آباد میں تعمیراتی کام شروع کر دیا ہے اور اب اپنی توجہ اسی شعبے پر مرکوز کر رکھی ہے۔عمران عباس کے مطابق وہ اسلام آباد ایئرپورٹ کے قریب ایک ٹاور تعمیر کر رہے ہیں، جس کی تکمیل میں ممکنہ طور پر ڈھائی سال لگیں گے۔اداکار نے مزید کہا کہ وہ فلاحی سرگرمیوں میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے والدین اس دنیا میں نہیں رہے اور ان کی اپنی بھی کوئی اولاد نہیں، اس لیے وہ دوسروں کے لیے ایسے کام کرنا چاہتے ہیں جن کا اجر انہیں آخرت میں مل سکے۔