ایران امریکا جنگ سے عالمی فضائی صنعت کو اربوں ڈالر کا نقصان

ایران امریکا جنگ سے عالمی فضائی صنعت کو اربوں ڈالر کا نقصان

Nov 23, 2026|ویب ڈیسک

لاہور (کامرس ڈیسک) کورونا وبا کے بعد ایران امریکا جنگ اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نے عالمی فضائی صنعت کو ایک بار پھر شدید مالی بحران سے دوچار کردیا ہے، جس کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر کی فضائی کمپنیوں کو اربوں ڈالر کے نقصان کا سامنا ہے۔جنگی صورتحال کے علاوہ حوثیوں کے سعودی عرب پر حملوں نے بھی فضائی آپریشنز کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ایاٹا) اور پاکستان ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے مطابق 2025 میں ایئرلائنز 7.2 ارب ڈالر منافع میں تھیں، تاہم موجودہ صورتحال میں انہیں مجموعی طور پر 4.3 ارب ڈالر کے نقصان کا سامنا ہے۔دنیا کی 20 بڑی فضائی کمپنیوں کی مجموعی بازاری مالیت میں بھی 30 ارب ڈالر سے زائد کمی کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ مشرق وسطیٰ کی سیاحتی صنعت کو روزانہ 60 کروڑ ڈالر تک نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 46 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں۔ فضائی حدود کی بندش اور طویل متبادل راستوں کے استعمال سے ایئرلائنز کے اخراجات بڑھ گئے ہیں، جبکہ جیٹ ایندھن کی قیمتوں میں 80 فیصد سے زیادہ اضافے نے مالی مشکلات مزید سنگین کردی ہیں۔قطر ایئرویز سب سے زیادہ متاثر ہونے والی فضائی کمپنیوں میں شامل ہے۔ قطر کی فضائی حدود طویل عرصے تک بند رہنے اور ایرانی میزائل حملوں کے باعث اس کا فضائی نیٹ ورک بھی متاثر ہوا۔ جون سے اکتوبر کے دوران کمپنی کو 20 لاکھ نشستیں کم کرنا پڑیں۔ایمریٹس ایئرلائن کو بھی بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ ایمریٹس گروپ کا منافع 66 فیصد کمی کے بعد ایک ارب ڈالر رہ گیا، جبکہ مسافروں کی تعداد 22 فیصد گھٹ کر 2 کروڑ 18 لاکھ ہوگئی۔ جنگ کے ابتدائی دنوں میں ایئرلائن کی 1581 پروازیں منسوخ ہوئیں، جس سے 6 لاکھ 44 ہزار سے زائد نشستیں متاثر ہوئیں۔ مارچ میں دبئی ایئرپورٹ پر مسافروں کی آمدورفت میں بھی 66 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔اتحاد ایئرویز کی ابتدائی مرحلے میں 193 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ بعد ازاں کمپنی کو ساڑھے 4 لاکھ نشستیں کم کرنا پڑیں۔ ابوظہبی ایئرپورٹ بھی حملوں سے متاثر ہوا۔دوسری جانب ایران کی فضائی حدود 58 روز تک بند رہنے سے ملکی فضائی صنعت کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ اس دوران تقریباً 20 طیارے تباہ ہوئے، جبکہ تہران کا امام خمینی ایئرپورٹ 25 اپریل کو دوبارہ کھولا گیا۔فضائی حدود کی بندش کے اثرات بھارتی ایئرلائنز پر بھی مرتب ہوئے۔ ایئر انڈیا کے بین الاقوامی مسافروں کی تعداد میں 36 فیصد کمی ہوئی، جبکہ انڈیگو نے صرف 4 روز کے دوران 500 سے زائد پروازیں منسوخ کردیں۔پاکستان ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما ایوب نسیم نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے باعث پاکستان کی مقامی فضائی کمپنیوں کو بھی اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ان کے مطابق مشرق وسطیٰ پاکستانی ایئرلائنز کے لیے سب سے زیادہ منافع بخش فضائی راستوں میں شامل ہے اور بیرون ملک جانے والی پروازوں میں اس خطے کا حصہ تقریباً 50 فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران امریکا کشیدگی کے بعد حوثیوں کے سعودی عرب پر حملوں نے بھی فضائی آپریشنز کو متاثر کیا ہے۔ ان کے مطابق ریاض ایئرپورٹ تقریباً ایک ماہ سے بند ہے، جبکہ جدہ اور یورپ کے مختلف فضائی راستے بھی متاثر ہوئے ہیں، جس کا براہ راست اثر ٹریول ایجنٹس کے کاروبار پر پڑ رہا ہے۔ایوب نسیم کا کہنا تھا کہ بزنس کلاس کی سفری سرگرمیاں سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہیں اور عمرہ زائرین کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے۔ عام طور پر کرسمس اور نئے سال کے موقع پر ایئرلائنز کی نشستیں پہلے ہی بک ہوجاتی تھیں، تاہم اس مرتبہ صورتحال مختلف ہے۔ ٹریول ایجنٹس کو کاروبار میں 30 سے 40 فیصد تک نقصان کا سامنا ہے۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر جنگی صورتحال اور فضائی آپریشنز میں رکاوٹیں برقرار رہیں تو ٹریول ایجنٹس کے لیے کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوجائے گا۔