رواں مالی سال مہنگائی میں اضافہ معاشی اشاریے متاثر

6 گھنٹے قبل
رواں مالی سال مہنگائی میں اضافہ معاشی اشاریے متاثر

اسلام آباد( کامرس ڈیسک)ملک میں جاری مالی سال کے ابتدائی نو ماہ کے دوران مہنگائی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔وزارت منصوبہ بندی کی ماہانہ ترقیاتی رپورٹ کے مطابق جولائی سے مارچ تک کے عرصے میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر پانچ اعشاریہ سات فیصد تک پہنچ گئی ہے، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ شرح پانچ اعشاریہ تین فیصد تھی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسی عرصے کے دوران برآمدات میں ایک اعشاریہ دو فیصد کمی دیکھی گئی، جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں تینتیس اعشاریہ چار فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ ہوئی۔ دوسری جانب درآمدات میں آٹھ اعشاریہ تین فیصد اضافہ ہوا۔محصولات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وفاقی ادارہ محصولات نے دس اعشاریہ ایک فیصد اضافے کے ساتھ نو ہزار تین سو چھ ارب روپے ٹیکس وصول کیا، جو گزشتہ سال اسی مدت میں آٹھ ہزار چار سو ترپن ارب روپے تھا۔رپورٹ کے مطابق ترسیلات زر میں دو اعشاریہ آٹھ فیصد اضافہ ہوا اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے تیس ارب تیس کروڑ ڈالر وطن بھیجے، جو گزشتہ سال اٹھائیس ارب ڈالر تھے۔اسی عرصے میں ملک کی برآمدات تیس ارب ساٹھ کروڑ ڈالر رہیں جبکہ درآمدات بڑھ کر چھپن ارب تیس کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے ابتدائی نو ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں تینتیس اعشاریہ چار فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔