اسلام آباد( کامرس ڈیسک)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے چمڑا صنعت کے نمائندہ وفد کے ساتھ مشاورتی اجلاس میں برآمدات میں اضافے اور صنعتی شعبے کے مسائل کے فوری حل پر زور دیا ہے۔اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں جام کمال خان نے کہا کہ برآمدی صنعتوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اصلاحاتی اقدامات کو تیز کیا جائے تاکہ پاکستان کی مصنوعات عالمی منڈی میں بہتر طور پر مقابلہ کر سکیں۔وفد نے اجلاس کے دوران ون ونڈو ٹیکس نظام کے نفاذ، آسان کاروباری فریم ورک اور ریگولیٹری آسانیوں کا مطالبہ کیا تاکہ کاروباری لاگت میں کمی اور برآمدات میں اضافہ ممکن ہو سکے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کے ساتھ مسلسل مشاورت کے ذریعے عملی اصلاحات پر کام کر رہی ہے اور صنعتی ترقی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔