بانی پی ٹی آئی نے وکلا کو تاخیری حربے اپنانے کی ہدایت دی، طارق فضل چوہدری کا دعویٰ
اسلام آباد( اباسین خبر) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اپنی قانونی ٹیم کو میرٹ پر دلائل دینے کے بجائے عدالتی کارروائی میں تاخیر کے حربے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ مقدمے میں ٹرائل کورٹ نے تمام شواہد کی بنیاد پر فیصلہ سنایا تھا اور اس میں سزا برقرار رہنے کے قوی امکانات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بانی پی ٹی آئی کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت ہو رہی ہے۔وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم اب قانونی دلائل دینے کے بجائے تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے اور ان کے بقول یہ ٹیم ایک ڈرامہ ٹیم بن چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس صاحبان کو بانی پی ٹی آئی کی جانب سے لکھے گئے خطوط بھی عدالتی کارروائی پر اثرانداز ہونے کی کوشش تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے لیے عدالتوں سے این آر او حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم مقدمے کا فیصلہ میرٹ کی بنیاد پر ہی ہوگا۔طارق فضل چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کبھی پسندیدہ خوراک اور کبھی پسندیدہ ڈاکٹر کی عدم دستیابی کا معاملہ اٹھایا جاتا ہے، جبکہ بشریٰ بی بی کے سیل سے سانپ نکلنے جیسے الزامات بھی سامنے لائے جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر کے مطابق یہ الزامات اور بیانیہ عدالتی عمل پر دباؤ ڈالنے کے لیے بنایا جا رہا ہے، تاہم ایسے حربے کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے وکلا کو مشورہ دیا کہ مقدمے کو طول دینے کے بجائے ٹھوس قانونی نکات پر دلائل دیں۔