پشاور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر خودکار ای چالان سسٹم متعارف

پشاور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر خودکار ای چالان سسٹم متعارف

Nov 18, 2026|ویب ڈیسک

پشاور ( اباسین خبر)  خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے جدید خودکار ای چالان نظام متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کے تحت خلاف ورزی کرنے والے گاڑی مالکان کی شناخت کرکے ان کے نام آن لائن جرمانے جاری کیے جائیں گے۔پولیس حکام کے مطابق نئے ڈیجیٹل نظام کے فعال ہونے کے بعد سفارش اور اثر و رسوخ بھی کسی کو قانون کی خلاف ورزی پر جرمانے سے نہیں بچا سکے گا۔ سیٹ بیلٹ کے بغیر گاڑی چلانے، غلط سمت سفر کرنے، ٹریفک سگنل توڑنے اور ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے سمیت مختلف خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ڈی آئی جی آئی ٹی خیبر پختونخوا اعجاز احمد کے مطابق سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی خودکار نگرانی کی جائے گی، جس سے قانون توڑنے والوں کی نشاندہی اور چالان جاری کرنا ممکن ہوگا۔ایس ایس پی ٹریفک پشاور ڈاکٹر زاہد رفیق کا کہنا ہے کہ جدید نگرانی کا نظام فعال ہونے کے بعد سگنل توڑنے، غلط سمت گاڑی چلانے اور دیگر خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کی شناخت کی جا سکے گی۔پولیس حکام کے مطابق شہر میں اب تک ٹریفک قوانین کی ڈیڑھ کروڑ سے زائد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جا چکی ہیں، تاہم کسی شہری کو تاحال چالان جاری نہیں کیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ منظوری ملتے ہی ابتدائی مرحلے میں 6 اقسام کی ٹریفک خلاف ورزیوں پر خودکار ای چالان جاری کرنے کا باقاعدہ آغاز کردیا جائے گا۔ یہ نظام برطانیہ، دبئی اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کے طریقہ کار کے مطابق متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کا مقصد ٹریفک قوانین پر مؤثر عمل درآمد اور شہریوں میں قانون کی پابندی کا شعور بیدار کرنا ہے۔